بھارتی دہشتگردی ، ایک کشمیری شہید ،4 گرفتار : اضافی دستے لگا کر وادی چھاؤنی بنادی : محبوبہ مفتی 

Nov 12, 2021

 سری نگر (اے پی پی+ کے پی آئی)  بھارتی فورسز نے ضلع ڈوڈہ  میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی میں 4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار اور ایک کو کولگام میں شہید کر دیا۔  فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بھدروہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران گھروں پر چھاپے مار کر گرفتار کیا۔  موبائل فون اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا۔ دوسری جانب  امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بلٹ پروف جیکٹ  اور خودکار رائفلز سے لیس بھارتی فورسز کے ہزاروں اضافی اہلکاروں نے  راستوں اور گھروں کی تلاشی کا عمل بھی تیز کردیا ہے۔  محبوبہ مفتی نے اضافی بھارتی  فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں تعیناتی پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر بحران کو فوجی نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک ٹویٹ میں لکھاکشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرنے کے بعد بھی اضافی دستے مقبوضہ علاقے میں لائے جا رہے ہیں۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ذہنی طور پر معذور 47کشمیری شہید کیے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کے مضافات میں ایئرفورس سٹیشن پر ایک سنتری نے ضلع بڈگام کے رہائشی سید حبیب اللہ نامی ایک 65سالہ ذہنی طور پر معذور شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جو باڑ عبور کر کے سٹیشن کی دیوار کے قریب آیا تھا۔ وادی کے سرکردہ ماہر نفسیات ڈاکٹر ارشد حسین کہنا ہے کہ اگرچہ ذہنی طور پر بیمار دنیا بھر میں کمزور ولاچار ہیں لیکن تنازعات والے علاقوں میں ان کی حالت بدتر ہے۔

مزیدخبریں