حکومت انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی کیلئے  نہیں ملک کیلئے کرنا چاہتی ہے، بابر اعوان 

Nov 12, 2021

  اسلام آباد(آئی این پی )  مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان  نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس چند روز کیلئے موخر کیا گیا، حکومت انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی کیلئے نہیں ملک کیلئے کرنا چاہتی ہے، صرف دھاندلی سے پاک شفاف انتخابات چاہتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، اپوزیشن کے ساتھ دوبارہ مشاورت کیلئے تیار ہیں، اپوزیشن قانون سازی میں حکومت کا ساتھ نہیں دے رہی، قومی اسمبلی کا اجلاس مہینوں نہیں، کچھ روز کیلئے ملتوی ہوا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق اور ای وی ایم پر قانون سازی چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حکومت سنجیدہ ہے ، قانون سازی سے متعلق پی ٹی آئی یا اتحادیوں کا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ سیشن ملتوی ہونے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، اس حوالے سے کچھ حقائق وزیراعظم نے اپنے خطاب میں سامنے رکھ دیئے ہیں اس کے مزید حقائق سامنے لانا ضروری ہے، یہ قانون سازی کیلئے کوئی پہلا جوائنٹ سیشن نہیں تھا، فیٹف قوانین کے حوالے سے بھی جوائنٹ سیشن ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ سیشن کو ملتوی کرنے سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی اور پارلیمنٹری افیئرز سے رابطہ کیا گیا کہ ہم انتخابی اصلاحات سے متعلق بات کرنا چاہتے ہیں، الیکشن ایکٹ 2020-21میں تبدیلی کے بل جس میں بیرون ممالک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا اور دھاندلی کو روکنے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال سے متعلق مشاورت کی جائے گی،اس میں بھی کسی کیلئے کوئی طعنہ نہیں، حکومت نے اپوزیشن سے گفتگو کا کبھی راستہ بندنہیں کیا،کابینہ نے ہمیشہ کہا کہ ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں، فیٹف بل میں بھی اپوزیشن نے قانون سازی میں مخالفت کی لیکن قومی اہمیت کے بل فیٹف اجلاس سے پہلے پاس کرائے گئے۔ 

مزیدخبریں