انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کو تحفظات‘ خونریزی کی بجائے مذاکرات بہترین راستہ: شیخ رشید 

راولپنڈی (جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اتحادیوں کو انتخابی اصلاحات پر تحفظات ہیں۔ سپیکر نے جوائنٹ سیشن مؤخر کرنے کا فیصلہ سوچ کر کیا ہوگا۔  وزیراعظم عمران خان حکومت میں پانچ سال پورے کریں گے۔ ملک میں انتشار اور خونریزی کی بجائے مذاکرات بہترین راستہ ہے۔ پڑوسی ملک افغانستان میں مسلمان بھائیوں کی مدد کرنا اہم ہے ورنہ اس کے اثرات ہمارے ملک بھی پڑسکتے ہیں۔ پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کو شکست دے کر فائنل جیت لیا تھا۔ راولپنڈی میں رنگ روڈ، لئی ایکسپریس وے، ماں بچہ ہسپتال اور تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن یہاں کے شہریوں کے لیے بہترین منصوبے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق، ڈائریکٹر کالجز شیر احمد ستی اور کالج پرنسپل سمیت طلبا  کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان سے پہلے دن سے مذاکرات کا حامی تھا اور حکومت کے درمیان جو معاہدہ ہوا ہے وہ بہت جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ میں جس دن پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی میرے لیے اسی دن پاکستان فائنل جیت چکا تھا۔ شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں مختصر عرصے کے دوران خواتین کے 3کالج بنائے۔ جب فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی تو مجھے استعفیٰ دینا پڑا۔ راولینڈی میں لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی۔ ہم نے 20 سال کی پلاننگ کی 3 یونیورسٹیاں  7 کالج شامل ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن