لاہور (کامرس رپورٹر) امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری کا تسلسل جاری ہے۔ ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 20 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 172 روپے93 پیسے سے بڑھ کر 174 روپے 19 پیسے ہو گئی ہے۔ رواں مالی سال میں ڈالر 10اعشاریہ 6 فیصد مہنگا ہوگیا۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے قرضوں کا بوجھ 1800 ارب روپے بڑھ گیا۔ دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1روپے 20پیسے مہنگا ہو کر 176روپے 50پیسے کا ہوگیا۔ رواں مالی سال اوپن مارکیٹ میں ڈالر 18روپے 50پیسے مہنگا ہوگیا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی قسط سے متعلق مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے باعث ملکی کرنسی بے قدری کی طرف جا رہی ہے۔ مذاکرات کی کامیابی تک روپے کی قدر میں بہتری نظر نہیں آ رہی ہے۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 38 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک ہزار 869 امریکی ڈالر ہو گئی ہے جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں تولہ سونے کی قیمت میں 3300 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 1 لاکھ 29 ہزار ایک سو روپے ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایک ماہ کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 800 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔