کرونا،اموات،12سال بڑے بچوں کیلئے سائینوویک،سائینو فارم ویکسین منظور


اسلام آباد (خبر نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 637 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 9 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 316 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 30 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 575 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 78 ہزار 751 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 23 ہزار 270 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 156 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں 12سال سے زائد عمر کے بچوں کو سائنو ویک اورسائنو فارم لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ منظوری این سی او سی ہیلتھ ایکسپرٹ کمیٹی نے دی ، بچوں کی ویکسی نیشن 15نومبرسے شروع ہوگی، 12سال سے زائد کے بچوں کو فائزر لگانے کی منظوری پہلے ہی دی جاچکی ہے۔ اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ الحمدللہ 12 سے 18 سال عمر کے 50 فیصد طالب علموں کو کرونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگادی گئی، جس کے بعد ملک بھر میں کرونا ویکسین لگوانے والے طالب علموں کی تعداد 55 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ انسدادِ کرونا ویکسین لگوانے میں گلگت بلتستان کے طالب علم پہلے نمبر پر ہیں، جہاں 68 فیصد طالب علموں نے ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگوا لی ہے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ویکسین لگوانے میں پنجاب کے طالب علم دوسرے نمبر پر ہیں، جن کی 62 فیصد تعداد ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگوا چکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن