کشمیری دہلی سرکار سے جتنا آج متنفر پہلے نہ تھے : شاہ محمود ، مفصل رپورٹ دینگے ، ایلچی او آئی سی 

Nov 12, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار+خبرنگارخصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) آئی ایس پی آر کے مطابق او آئی سی وفد نے تھوٹھا مہاجرین کیمپ اور فنی تربیتی مرکز کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں بھارتی مظالم سے تنگ آ کر نقل مکانی کر کے آنے والوں کے لئے سماجی ومعاشی دیکھ بھال کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وفد کو ایل او سی کی سکیورٹی، نگرانی کے میکنزم اور حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے اقوام متحدہ فوجی مبصر گروپ برائے انڈیا پاکستان سے بھی ملاقات کی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے  (او آئی سی) خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے کو بھارت کے غیر قانونی قبضے والے جموں و  کشمیر کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری دہلی سرکار سے آج جتنے متنفر ہیں وپہلے کبھی نہیں تھے۔ او آئی سی کے نمائندے کو جس طرح یہاں آزادی سے مظفر آباد جارہے ہیں اور لوگوں سے مل رہے ہیں، کاش سری نگر میں بھی اسی طرح آزادانہ انداز میں ملنے کا موقع مل سکے،  باقاعدہ شواہد منسلک کئے گئے تھے، جن میں ویڈیوز اور آڈیوز کلپس شامل تھیں۔ یوسف الدوبے نے کہا کہ او آئی سی وفد کے دورے کا مقصد زیر قبضہ کشمیر کی صورتحال کو جاننا تھا اور وفد کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے جو کچھ دیکھا اس کی مفصل رپورٹ مرتب کریں گے اور او آئی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ یوسف الدوبے کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مارچ 2022میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، اوآئی سی کے خصوصی ایلچی کو وادی کی صورت حال اور بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا  آج کشمیری جس مشکل کا شکار ہیں وہ پہلے کبھی ایسا نہیں تھا۔ بھارتی وزیراعظم کے الفاظ ہیں کہ سری نگر نہ صرف دہلی سے دور ہے بلکہ دل بھی دور ہیں اور ان اقدامات نے ان دوریوں میں اضافہ کیا ہے۔  یوسف الدوبے نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے او آئی سی کا نمائندہ یہاں آیا ہوا ہے اس سے آگاہ کرنے کے لیے میڈیا موجود ہے۔ ہمارا دورہ سود مند رہا اور ہمارے لوگوں نے بہت کچھ سیکھا اور اپنی رپورٹ میں شامل کر لیا ہے۔ یوسف الدوبے نے کہا او آئی سی نے کشمیر کے معاملے پر قراردادیں پاس کیں۔ او آئی سی پاک بھارت امن کیلئے کوشش کرتا رہا ہے۔

مزیدخبریں