لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے سرویلنس کو مزید مؤثر بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سرویلنس کے ساتھ مریضوں کے علاج معالجے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ بخار کی دوائی کی دستیابی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور انسداد ڈینگی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ متعلقہ محکمے، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ڈینگی سے نمٹنے کیلئے طے کردہ طریقہ کار پر عملدر آمدسختی سے یقینی بنائیں۔ ایک ایک جان عزیز ہے، ڈینگی کے تدارک میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ادارے کو ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے دوبارہ ٹیلی فونک رابطہ کرکے انسداد ڈینگی کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں سرکاری اراضی پر قابض افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے 3 برس کے دوران 5 لاکھ 63 ہزار 736 کنال سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جس کی مالیت 198699.775 ملین روپے ہے۔ گوجرانوالہ ریجن میں 11870.74ملین روپے مالیت کی 10 ہزار 141 کنال سرکاری اراضی اور راولپنڈی ریجن میں 11017 ملین روپے مالیت کی 5 ہزار 610 کنال سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ فیصل آباد ریجن میں 34654 ملین روپے مالیت کی ایک لاکھ 35 ہزار 896 کنال سرکاری زمین کا قبضہ چھڑایا گیا۔ سرگودھا ریجن میں 16123 ملین روپے مالیت کی 52 ہزار 884 کنال سرکاری اراضی کا قبضہ چھڑایا گیا۔ ساہیوال ریجن میں 28429 ملین روپے مالیت کی 41 ہزار 306 کنال سرکاری زمین واگزار کرائی گئی۔ ملتان ریجن میں 21217 ملین روپے مالیت کی 54 ہزار 314 کنال سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا گیا۔ بہاولپور ریجن میں 18597 ملین روپے مالیت کی 74 ہزار 777 کنال سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ ڈیرہ غازی خان ریجن میں 20480 ملین روپے مالیت کی ایک لاکھ 76 ہزار 594 کنال سرکاری اراضی کا قبضہ چھڑایا گیا۔ لاہور ریجن اے میں 26563.98 ملین روپے مالیت کی ایک ہزار 182 کنال 19 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جبکہ لاہو رریجن بی میں 7534.94 ملین روپے مالیت کی10 ہزار 843 کنال 14 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ ہیڈکوارٹر ریجن میں 2209 ملین روپے مالیت کی 184 کنال سرکاری اراضی کا قبضہ چھڑایا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرکاری اراضی کو واگزار کرا کے ریاست کی رٹ کا نفاذ یقینی بنایا گیا ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ قبضہ مافیا کے ناسور کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عمرہ کی ادائیگی کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے۔
ساڑھے 5 لاکھ کنال زائد اراضی واگزار ، قبضہ مافیا کیخلاف آخری حد تک جائینگے : عثمان بزدار
Nov 12, 2021