مسئلہ فلسطین مشکل ترین مرحلے سے گزر رہا ہے ، صدرمحمود عباس


رم اللہ(شِنہوا)فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین انتہائی نازک اور ممکنہ طور پر مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔محمود عباس نے ان خیالات کا اظہار آنجہانی فلسطینی رہنما یاسر عرفات کی 17ویں برسی کے موقع پر ٹیلی ویڑن پر نشر ہونیوالی اپنی تقریر میں کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ برسی ایسے وقت میں منائی جا رہی ہے جب ہمارا قومی مقصد ایک انتہائی نازک مرحلے سے گزر رہا ہے جو شاید ہماری جدوجہد کی تاریخ کا سب سے مشکل مرحلہ ہے۔ قابض کی جانب سے ہمیشہ کیلئے ہمارا گلا گھونٹ کر رکھنا کسی بھی طرح مناسب یا قابل قبول نہیں۔محمود عباس نے کہا کہ ہمارے لیے ان معاہدوں ہر قائم رہنا مناسب نہیں جن کی اسرائیل پابندی نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل بستیوں کی تعمیر اور توسیع کر رہا ہے اور بیت المقدس شہر کے عرب اور اسلام تشخص و کردار کو ختم کر کے تاریخی صورتحال کو بدلنے کیلئے منظم جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ، انہوں نے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مضبوط اقدامات اٹھا کر اسرائیلی قابض حکام کے ساتھ اپنے برتا ئوکے طریقے میں تبدیلی لائے۔یاسر عرفات نومبر 2004 میں فرانس کے ایک ہسپتال میں 75 سال کی عمر میں نامعلوم بیماری سے انتقال کر گئے تھے۔ فلسطینی اسرائیل پر انہیں زہر دینے کا الزام لگاتے ہیں جبکہ اسرائیل ایسے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن