شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی کے سٹی صدر و ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی سید ندیم عباس کاظمی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی منظم اور فعال ہے جیالے دن رات پارٹی قیادت کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں مصروف ہیں اور موجودہ نا اہل حکمرانوں کا اصل چہرہ بھی بے نقاب کررہے ہیں، اپنے ایک بیان میں سید ندیم عباس کاظمی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے سالمیت کی سیاست کا اعلیٰ ترین معیار قائم کیا اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کے ساتھ بڑی مثال قائم کی اور اب چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری عوام کی خدمت اور پی پی پی کے جھنڈے کو بلند رکھتے ہوئے اپنی والدہ اور نانا کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آمریت نے پارلیمانی جمہوریت کو سبوتاژ کیا جمہوریت کی حفاظت کے لیے جیالے کارکنوں نے بہت کچھ کھویا ہے، جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں، پھانسی کے پھندے پر چڑے، کوڑے کھائے، جیلیں کاٹیں، جمہوری نظام کی بالادستی کے دشمنوں نے بھٹو خاندان کو شہید کیا لیکن جیالوں نے اس جمہوری نظام کی مشعل کو بھجنے نہ دیا جو پارٹی جیالوں کااعزاز ہے۔