کرکٹ کا جنون سفارتخانوں تک پہنچ گیا ‘امریکہ ‘برطانیہ ‘جرمنی پاکستان کے حامی 

Nov 12, 2021

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کا عملہ بھی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم کی جیت کیلئے پرامید ہے۔اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں سفارت خانے کے عملے نے سیمی فائنل مقابلے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کیا۔سفارت خانے کی جانب سے ’گو گرین‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا اور ویڈیو میں موجود تمام عملے نے پاکستان ٹیم کی جیت کیلئے ’گو ٹیم پاکستان‘ کا نعرہ لگایا۔سفارت خانے اپنی کمیونٹی سے پوچھا کہ آپ کی پسندیدہ ٹیم کون سی ہے؟ تو جواب ملا کہ پاکستان ان کی پسندیدہ ٹیم ہے۔برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے بھی میچ میں پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنرنے کہا کہ مجھے اب اپنی دوسری ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کا انتظار ہے۔ اب تمام امیدیں پاکستان کے ساتھ ہیں گڈلک پاکستان۔پاکستان میں تعینات جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگیلیر بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مداح نکلے۔ کرکٹ کا جنون ملک میں قائم جرمنی کے سفارت خانے میں بھی دیکھا گیا۔جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگیلیر گرین ٹی شرٹ زیب تن کیے پاکستانی ٹیم کی سپورٹ میں سامنے آئے۔جرمن قونصل جنرل نے گرین ٹی شرٹ پہن کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کا اعلان کیا اور حلقہ احباب کو میچ دیکھنے کی بھی دعوت دی۔ہولگر زیگیلیر کا کہنا تھا کہ فٹ بال اور والی بال کے ساتھ اب کرکٹ میچ بھی اہم ہے۔

مزیدخبریں