گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ دانش افضال کا بنیادی مرکز صحت اروپ کا دورہ، مرکز صحت کی تزین و آرائش، اپگریڈیشن اور خستہ حال دیواروں کی مرمت و رنگ و روغن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ مرکز صحت میں علاج معالجے کی سہولیات کے حصول کیلئے آنے والے مریضوں سے ملاقات بھی کی اور ان سے ڈاکٹرز، عملہ کی دستیابی، رویے بارے استفسار کیا جس پر مریضوں نے دستیاب صحت کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرکز صحت میں ضروری ادویات کا سٹاک چیک کیا اور مریضوں کو دی گئیں ادویات کا ریکارڈ بھی دیکھا۔دورہ کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی گوجرانوالہ ڈاکٹر فرجاد بٹ اور اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات کی روشنی سرکاری ہسپتالوں، مراکز صحت کو بہتر بنانے حوالے پہلے مرحلے میں بنیادی مرکز صحت اروپ کی عمارت کی تزین و آرائش کی اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرکزی عمارت، اندرونی اور بیرونی دیواروں کا پینٹ ورک 90 فیصد سے زائد مکمل کرلیا گیا ۔جبکہ راستے میں ٹف ٹائل، عمارت میں فرش پر ٹائل ورک تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ لوگوں کو صحت کی سہولیات کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔