وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہورسمیت دیگر شہروں میں سموگ کے تدارک کیلئے ضروری اقدامات پر موثر عملدرآمد کا حکم دے دیا، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سموگ کا سبب بننے والے عوامل پر قابوپانے کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ سموگ انسانی صحت کیلئے مضرہے، موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ محکمہ تحفظ ماحول، ٹرانسپورٹ اور انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں خود جائیں، سموگ میں کمی کیلئے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے سموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے۔ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ پابندی کے باوجود فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔صنعتی یونٹس کو امیشن (Emission) کنٹرول سسٹم لگانے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اس ضمن میں خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ کیلئے عوام میں شعور و آگاہی پیداکی جائے۔ سموگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔