پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین افواج ہے جو دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے: گور نر پنجاب

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین افواج ہے جو دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے جتنی قربانیاں دی ہیں دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔پاکستان میں اداروں کی مضبوطی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔کسی بھی کامیابی کے پیچھے ایک جذبہ کارفرما ہوتا ہے، پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ گور نر ہائوس لاہور میں51ویں پاکستان نیوی سٹاف کالج کے شر کاء سے خطاب اور انکے سوالوں کے جوابات دے رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان صرف خطے میںہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں امن کا خواہا ں ہے اور پاک افغان امن عمل کے لیے بھی پاکستان نے مثالی کردار اداکیا ہے اور آج ددنیا امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ پاکستان آج بھی امن کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم امن کے قیام کے لیے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کر یں گے ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ جب بھی بھارت سمیت پاکستان دشمن ملکوں نے پاکستان کے خلاف کوئی سازش کر نے کی کوشش کی ہے تو پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے انکو منہ توڑ جواب دیکر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی افواج پاکستان سمیت ہمارے تمام سکیورٹی اداروں نے قر بانیاں دی ہیں جن کی بدولت آج پاکستان میں امن قائم ہوچکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پاکستان ہر شعبے میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ ملک میں شفافیت اور میرٹ کو بھی ہر سطح پر یقینی بنا رہی ہے اور پہلی بار ملک میں اداروں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پاکستان ہم سب کا ہے ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور امن واستحکام کے لیے نیک نیتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر ے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب ہر پاکستانی اپنا ایمانداری سے کردار ادا کر یگا تو یقینی طور پر پاکستان کو آگے بڑھنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کسی بھی کامیابی کے پیچھے ایک جذبہ کارفرما ہوتا ہے، پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت دستیاب وسائل میں نیوی کی ضروریات کو پورا کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت دفاعی ضروریات کے تناظر ،ترقی اور استحکام کے لیے کوشاں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سے پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ ملکی دفاع میں ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے جن صلاحیتوں اور عسکری قابلیت کا مظاہرہ کیا ہے قابل تحسین ہے۔ گورنر نے کہا کہ سی پیک خطے کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک نیوی جس طر ح سمندری محاذ پر پاکستان کے دفاع کا تحفظ کررہی ہے وہ ہر پاکستانی کے لیے قابل فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنے جوانوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہیں.

ای پیپر دی نیشن