کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بینک میں گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر 22 پیسے مہنگا ہو کر 221 روپے 64 پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 227 روپے 75 پیسے پر برقرار ہے۔ دوسری طرف عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 52 ڈالر اضافے سے 1760 ڈالر ہوگئی جس کے بعد ملکی سطح پر بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔ مقامی سطح پر دس گرام سونے کی قیمت 1929 روپے بڑھ کر 133230 روپے ہوگئی جب کہ فی تولہ سونے کی قیمت 2250 روپے بڑھ کر 155400 روپے ہوگئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 43100 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا تاہم منافع کی خاطر بعض سٹاکٹس پر فروخت کے دبائو کی وجہ سے انڈیکس 42800 پوائنٹس کی کم سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 191.68پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈکس 42901.27 پوائنٹس سے بڑھ کر 43092.95 پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 137.49 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 15660.99پوائنٹس سے بڑھ کر 15798.48پوائنٹس پر جا پہنچا۔