عمران کا ہر بیان لطیفہ، ایسی سوچ ہی نہیں مرضی کا آرمی چیف لائیں: احسن اقبال 

Nov 12, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا ہر بیان ایک لطیفہ ہوتا ہے۔ ہماری ایسی کوئی سوچ ہی نہیں کہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لائیں۔ نئے آرمی چیف کی تعیناتی خالصتاً میرٹ پر ہو گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے احسن اقبال نے کہا کہ 29 نومبر کی تاریخ ہے اس سے پہلے نئے آرمی چیف کا اعلان ہو جائے گا۔ وزیراعظم اپنی کابینہ سے بھی مشاورت کر سکتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان فرما رہے ہیں کہ نواز شریف میرٹ پر فیصلہ نہیں کر سکتے۔ نواز شریف نے جنرل قمر جاوید  باجوہ کی تعیناتی کی تھی۔ یہ عمران خان کو اتنی پسند آئی کہ بغیر مشاورت کے تین سال کی توسیع بھی دی۔ عمران خان  یہ بیان بھی دے چکے ہیں کہ یہ برقرار رہیں تو انہیں اعتراض نہیں ہوگا۔ دریں اثناء چینی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان مزید تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ چین کے شعبہ کلینیکل میڈیسن ہیلتھ  گوانگ شی ژوانگ ریجن  کے وفد سے گفتگو  کے دوران  کہاکہ 13 ارکان پر مشتمل چینی ہیلتھ ماہرین  28 اکتوبر سے پاکستان کے دورے پر سیلاب سے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چین کی صحت کے شعبہ میں نمایاں کامیابیاں ہیں اور پاکستان کو صحت کے شعبہ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون کو بڑھا کر چین سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔
احسن اقبال 

مزیدخبریں