لاہور ( نیوز رپورٹر) علامہ اقبال اور عالم اسلام کے موضوع پر سال رواں کی پہلی تقریب منعقد کی گئی، ادارہ تالیف وترجمہ میں منعقدہ تقریب میں مصر اور ایران کے سکالرزنے شرکت اور خطاب کیا۔ علامہ اقبال صرف پاکستان ہی کے نہیں پورے عالم اسلام بلکہ عالم انسانیت کے مفکرہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرادارہ تالیف وترجمہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیرعامر نے رواں برس پنجاب یونیورسٹی میں یوم اقبال کی مناسبت سے منعقدہونےوالے پہلے بین الاقوامی اقبال سیمینار، ”اقبال اور عالم اسلام“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ سیمینار پنجاب یونیورسٹی کے ادارہ تالیف وترجمہ کے زیراہتمام ادارہ تالیف و ترجمہ پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس میں منعقد ہوا۔سیمینار میں تہران یونیورسٹی ایران کی استاد ڈاکٹر وفا یزدان منش ، جامعہ الازہر مصر کے اساتذہ ڈاکٹر صباح علی عبدالمعز اور عثمان عبدالناصر پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالقدیر، انجینئر عنایت علی سمیت پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ صدرشعبہ فلسفہ پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد جواد نے خطبات اقبال کے تناظر میں اسلامی اور یونانی تصورعلم کو واضح کیا۔انہوں نے اپنے مقالے میں بتایاکہ علامہ اقبال یونانی فکرکے خلاف تھے اور انہوں نے اس کے مقابلے میں دنیاکے سامنے اسلامی فلسفہ حیات پیش کیا۔
ڈاکٹر صباح علی عبدالمعزنے اقبال اور مصرکے زیرعنوان مقالہ پیش کیا ۔انہوں نے بتایاکہ مصر میں اقبال شناسی کا سفر حیات اقبال ہی میں شروع ہوگیاتھا ۔اس سلسلے میں ڈاکٹرعبدالوہاب عزام اور شیخ صاوی شعلان کی خدمات کو نظر اندازنہیں کیاجاسکتا۔انھوں نے زمانہ حال میں مصر میں اردواور اقبال شناسی کے حوالے سے ڈاکٹرزاہدمنیرعامرکی خدمات پر بھی روشنی ڈالی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔یونیورسٹی آف تہران ایران کی استاد ڈاکٹر وفا یزدان منش نے موضوع کی مناسبت سے اقبال اور ایران کے زیرعنوان مقالہ پیش کیا ۔انہوں نے فارسی اور ایران کے ساتھ اقبال کے تعلق کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور حیات اقبال کے بعد اس سلسلے میں خدمات انجام دینے والے سکالرزکی خدمات کا مفصل جائزہ پیش کیا۔