کراچی(اے پی پی)کریسینٹ پریکٹیکل اسکول نے سندھ انٹر اسکول ڈسٹرکٹ نو شہرو فیروز کی ٹرافی اپنے نام کرلی، گورنمنٹ مدرسہ ہائی اسکول کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، الطاف حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور حکومت سندھ کے تعاون سے منعقد ہ سندھ انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ ڈسٹرکٹ نو شہرو فیروز کا ٹا ئیٹل کریسینٹ پریکٹیکل اسکول نے فائنل میں گورنمنٹ مدرسہ ہائی اسکول کو تین وکٹوں سے شکست دیکر اپنے نام کرلیا۔ گورنمنٹ مدرسہ ہائی اسکول نے 174رنز بنائے۔ شاکر علی نے 50رنز اسکور کئے۔ الطاف حسین نے عمدہ بولنگ کی اور 35 رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا۔ رضوان علی نے 29 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں فاتح ٹیم نے ہدف 7وکٹوں پر پورا کرلیا۔ فرحان علی 50 اورصمد علی 42رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ راشد علی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ افتخار علی بہترین بیٹسمین اور الطاف حسین بہترین بولر قرار پائے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اسلم راجپر نے بطور مہمان خصوصی انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ عابد علی اور فوکل پرسن رفیق خانزادہ بھی موجود تھے۔