کراچی ، ہیلتھ ورکرز کا دھرنا ، پولیس کا لاٹھی چارج ، 150 سے زائد گرفتار 

Nov 12, 2022


کراچی(این این آئی)کراچی میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈی جی سائنس کالج کے سامنے گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کیا گیا۔مظاہرین نے کی جانب سے وزیراعلی ہائوس جانے کی کوشش کی گئی تو پولیس کی جانب سے ان پر لاٹھی چارج کیا گیا اور متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس نے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا اور مظاہرین کو برنس روڈ کی گلیوں کی طرف دھکیل دیا، مظاہرین منتشر ہوکر پیپلز اسکوائر میں داخل ہوگئے۔پولیس نے خواتین ملازمین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ مجموعی طور پر 150 سے زائد ہیلتھ ورکرز کو گرفتار کیا اور مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے تمام ایمرجنسی سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے محکمہ صحت سندھ کو دوپہر 12 بجے تک کا الٹی میٹم دیا گیا تھا جس کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے اعلان کے بعد مظاہرین نے سندھ سکریٹریٹ سے وزیراعلی ہاؤس کی جانب روانہ ہوئے جس دوران پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ 26 روز سے گرینڈ ہیلتھ کی جانب سے تمام او پی ڈیز بندہیں ۔ احتجاج 26ویں روز میں داخل ہوچکا ہے تاہم وزیر صحت سندھ اور ڈاکٹرز کی سرد جنگ میں مریض پس رہے  ہیں۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کا آج تیسرے روز بھی سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاج جاری ہے جس کے باعث اسپتالوں میں او پی ڈی سروس 26ویں روز سے بند ہے۔اس  احتجاج کے باعث کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ہونے والے ہزاروں مریض در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ ہزاروں آپریشن بھی معطل کر دیئے گئے ہیں۔اسپتالوں میں ہونے والے یومیہ ہزاروں ٹیسٹ بھی بند ہیں جبکہ ایکسرے، ایم آر آئی اور سٹی اسکین کے لیے بھی مریض پریشان ہیں جس کی وجہ سے نجی لیبارٹریز زائد قیمت میں ٹیسٹ کرنے لگی  ہیں۔گرینڈ ہیلتھ کے مطالبات میں سے ایک رسک الانس کی بحالی شامل ہے جبکہ ڈاکٹر ، پیرا میڈیکس اور نرسز کی ترقی سمیت دیگر مطالبات بھی شامل ہیں۔اسکے علاوہ دوسرا مطالبہ دانتوں کے ڈاکٹر کے لیے اسامیوں میں اضافے سے متعلق تھا، اس حقیقت کے باوجود کہ 5 ہزار دانتوں کے ڈاکٹر بے روزگار ہیں، گزشتہ 15 برسوں میں سندھ حکومت نے دانتوں کے ڈاکٹر کے لیے ایک بھی آسامی کا اعلان نہیں کیا۔اس حوالے سے وزیر صحت متعدد بار کہہ چکی ہے کہ وہ بلیک میل نہیں ہونگی۔کراچی میں سرکاری اسپتالوں کے عملے کا احتجاج جاری ہے، جس کے دوران دو نرسوں کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔مظاہرین دو گروپوں میں تقسیم ہوگئے، ایک گروپ نے وزیراعلی ہاس تک ریلی نکالنے اور دوسرے نے  سندھ سیکریٹریٹ کے باہر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔سرکاری اسپتالوں کے عملے کے احتجاج  کے دوران گرینڈ ہیلتھ الائنس کی  جانب سے  سندھ سیکریٹریٹ کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے واٹر کینن کا استعمال کیا جبکہ متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔مظاہرین کورونا رسک الانس کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں