پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈہ برداشت نہیں کرینگے ، شہری سڑکوں پر نکل آئے 

لودھراں‘ ڈیرہ غازی خان‘ اوچ شریف‘ چنی گوٹھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر‘ سپیشل رپورٹر‘ خصوصی رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار‘ خبر نگار)  پاک فوج کے حق میں مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے۔ خطبات جمعہ میں بھی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور پاک فوج کے حق میں قراردادیں پاس کی گئیں۔ تفصیل کے مطابق لودھراں میں پاک فوج زندہ باد ریلی غوثیہ چوک سے ریلوے چوک تک نکالی گئی۔ شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے پینا فلیکس اٹھائے ہوئے تھے ہر طرف پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کی گونج۔ ریلی سے صدر مرکزی انجمن تاجران ملک اصغر آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کی تاجر برادری پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے لئے اکٹھی ہے۔پاک فوج کو عزت دو۔  فوج ہے تو ہماری نسلیں محفوظ ہیں۔ سیاست چمکانے کے لئے کچھ افراد فوج پر الزام لگا رہے ہیں جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔  اس موقع پر مرزا سلیم اختر چیرمین سول سوسائٹی نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی ناگہانی آفت آئے تو فوج سب سے آگے ہوتی ہے۔ سیاستدان کرسی کی حوس کے لیے پاک فوج کو بد نام نہ کریں۔ ضلعی ناظم اعلٰی جماعت اہلسنت حافظ اکرم کانجو نے کہا کہ پاک فوج نے وطن کے لیے لازوال قربانیاں دیں ان کا اعتراف کرنا ضروری ہے۔ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ ریلی سے مرزا مختیار حْسن نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں سول سوسائٹی مرکزی انجمن تاجران جماعت اہلسنت کے عہدیداران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے خلاف اوچ شریف میں شہری سڑکوں پر نکل آئے ،سوشل سول سوسائٹی ،مسلم لیگ ن ،کسان اتحاد ،احساس نوجوان تنظیم ،جماعت اہلسنت ودیگر جماعتوں کی جانب سے ،،پاک فوج ہماری ریڈ لائن پاک آرمی زندہ آباد ریلی نکالی گئی۔  ریلی میں سماجی تنظیموں ، تاجروں اور سکول کے طلباء کی کثیر تعداد  نے بھی شرکت کی۔ گورنمنٹ ہائی اسکول اوچشریف سے ریلی کا آغاز ہوا جس میں جوک در جوک شہریوں نے شرکت کی اور الشمس چوک پر مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا ہے،پروین عطا، صدر کسان اتحاد راو فاروق احمد ، حاجی غلام یسین سومرو ،لیگی رہنما محمد اکمل کھاکھی ،اظہر اقبال مغل ودیگر رہنماوں نے کہا سوشل میڈیا پر پاک آرمی کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جو برداشت نہیں کریں گے۔ ڈیرہ غازی خان  میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کی قراردادمنظور جبکہ استحکام پاکستان اور معیشت کی مضبوطی کیلئے دعائیں کی گئیں تحفظ دینی مدارس پنجاب کے صدر مولانا قاری جمال عبدالناصر نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فوج کو طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں۔ جولوگ فوج کیخلاف سازش میں ملوث ہیں وہ درحقیقت ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ دریں اثنا مختلف مساجد میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے کہاکہ استحکام پاکستان کیلئے پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے، دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے قومی یک جہتی ضروری ہے پاکستان کے تمام سیکورٹی ادارے بالخصوص پاک فوج پاکستان کی سالمیت اور بقا کی ضامن ہے پاک فوج ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے،ہم پاک فوج کے شہداء کی خدمت میں سلام عقیدت جبکہ پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دشمن کے عزائم کو ناکام کرنے کے لئے پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے اور رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن