اجتماعی عبادات سے مشکلات مصائب سے نجات ملتی ہے،مفتی تقی عثمانی

Nov 12, 2022


کلر سیداں(نامہ نگار)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی صدر شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ مساجدکامسلم معاشرے کی تعمیر میں کلیدی کردار ہے، یہ معاشرے کے کمیونٹی سنٹرز ہیں مساجد کا فیضان تاقیامت جاری رھے گا۔مسلمان کی زندگی عبادات ہوں یا معاملات مقصود رب کی رضا اور خوشنودی ہونی چاہیئے مساجد کی آبادکاری عمدہ قالین سنگ مرمر اورٹف ٹاہلوں سے نہیں بلکہ نمازیوں کی کثرت سے ہوتی ھے، خوش قسمت لوگ مساجد کی تعمیر اور آبادکاری میں حصہ لیتے ھیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد ربانی اور دارالعلوم ربانیہ کلرسیداں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں جمعیت علماء برطانیہ اور جامعہ دارالعلوم ربانیہ کلرسیداں کے سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالرشید ربانی،مولاناامداداللہ قاسمی،جامعہ دارالعلوم ربانیہ کے مہتمم مولانا احسان اللہ چکیالوی،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا قاضی عبد الرشید ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں اٹک راولپنڈی اسلام آباد چکوال جہلم آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں سے بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی  اس موقع پر جامع مسجد ربانی کے متصل جامعہ دارالعلوم ربانیہ کاسنگ بنیاد شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کے ہاتھوں رکھا گیا ۔مفتی محمد تقی عثمانی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دین کے تمام معاملات اخلاقیات آداب سب کا مقصود اللہ سے تعلق کو مضبوط بنانا ہے۔ علم کے حصول کا مقصد بھی معرف الہی ہے مساجد کے قیام کا مقصد بھی اللہ سے انسان کے تعلق کو جوڑنا ہے انہوں نے کہا کہ گھرکی نسبت مسجد میں باجماعت نماز کا صرف ثواب ہی ستائیس گنا زائد نہیں بلکہ اس سے انسان نیک کاروں کی محبت سے بھی فوائد حاصل کرتا ہے۔ اجتماعی عبادات سے بندگان خدا کو مشکلات مصائب سے نجات ملتی ہے اور وہ انوار سے سرفراز ہوتے ہیں،نماز کی باجماعت ادائیگی سے مصیبتوں سے چھٹکارا ملتا ہے اور انسان اپنے مقاصد کے حصول میں کامیابیاں حاصل کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ سے تعلق مضبوط بنانے کے لیئے سب سے بہتر جگہ مساجد ہیں مسلمان پر لازم ہے کہ وہ پابندی سے مسجد جائے وہ لوگ مسجد نہیں جاتے علمائے کرام انہیں خلوص و محبت کے ساتھ اس کی ترغیب دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر مسلمان دو کام ضرور کرے ایک اللہ کی دی گئی نعمتوں پر اس کا شکر بجا لائے دوسرا اپنی حاجات کے لیئے اللہ سے رجوع کرتا رہے جو انسان شکر اور حاجات کے لیئے اللہ سے اپنا تعلق گہرا کرلے اسے کسی اور کے آگے جھکنا نہیں پڑتا۔اس موقع مفتی محمدتقی عثمانی کی دینی تعلیمی اور اسلامی بینکاری کی خدمات پر انھیں مولانا عبد الرشید ربانی،مولانا احسان اللہ چکیالوی اور تاجر راہنماؤں حاجی ریاست،چوہدری طارق،شیخ حسن ریاض،چوہدری زین العابدین کی طرف سے شیلڈزاور سپاسنامہ بھی پیش کیاگیا۔تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد،راجہ ندیم احمد،محسن نوید سیٹھی، شیخ حسن سرائیکی،اسد عزیز کے علاؤہ علمائے کرام نے بھی کثیر تعداد میں بھی شرکت کی اس سے قبل مفتی محمد تقی عثمانی کی سخت حفاظتی حصار میں کلرسیداں لایا گیا تو اندرون شہر متعدد مقامات پر ان پر انجمن تاجران،شہریوں اور علما کی جانب سے زبردست گلپاشی بھی کی گئی۔
مفتی تقی عثمانی

مزیدخبریں