کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ عرب امارات کی ریئل اسٹیٹ کمپنی کے بانی وچیئرمین کریم عامر علی نے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔پاکستان کی تعمیراتی صنعت کے لیے اہم پیشرفت، متحدہ عرب امارات کی ریئل اسٹیٹ کی کمپنی المیر ریئل اسٹیٹ بروکریج دبئی کے بانی وچیئرمین کریم عامر علی نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے توسط اور معاونت سے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور بڑے پیمانے پر رہائشی وکمرشل یونٹس کی طلب یو اے ای کے ریئل اسٹیٹ سے وابستہ سرمایہ کاروں کے لیے ایک منافع بخش مارکیٹ ہے۔یہ اعلان انھوں نے حکومت پاکستان کے مشیر برائے گلف ممالک سردار قیصرحیات کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے گروپ کے ہمراہ آباد ہاﺅس کے دورے کے موقع پر کہی۔کریم عامر علی نے کہا کہ یو ای اے کے اداروں کی کراچی کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری سے نا صرف پاکستان کی معیشت کو ترقی ملے گی بلکہ پاکستان کے شہریوں کو عالمی معیار کی رہائشی سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔اس موقع پر پاکستان کے مشیر برائے گلف ممالک سردار قیصر حیات نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی پاکستان میں 25 ارب ڈالر سے بھی زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہرممکن سہولت اور تحفظ کی یقین دہانی کراتی ہے۔چیئرمین آباد آصف سم سم نے المیر ریئل اسٹیٹ بروکریج دبئی کی جانب سے کراچی میں تعمیراتی شعبے میں 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا۔