اسلام آباد‘ کراچی (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد نے کراچی میں مسلم لیگ فکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد میں خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، بشیر میمن اور دیگر شامل تھے اور یہ ملاقات راجہ ہاو¿س میں ہوئی۔ ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال اور عام انتخابات سے متعلق گفتگو ہوئی۔ ن لیگی وفد نے پیرپگارا کو نواز شریف کے خیرسگالی جذبات پہنچائے۔ ذرائع نے بتایاکہ نواز شریف کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو جمع کیا جائے۔ مسلم لیگیوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں رہنما ن لیگ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ ن کے درمیان انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال ہوا ہے۔ پیر پگاڑا سے مثبت انداز میں بات چیت ہوئی‘ امید ہے اسی انداز سے آگے بڑھے گی۔ نواز شریف کے حکم پر ایاز صادق، بشیر میمن اور میں پیرپگارا سے ملاقات کرنے آئے دونوں کے درمیان ملاقات بہت اچھی رہی۔ فکشنل لیگ کے رہنما صدر الدین شاہ کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ الیکشن کی تاریخ قریب آرہی ہے سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ چلتا رہے گا۔ دریں اثناءاےم کیو ایم کے مرکزی راہنما اور صوبائی تنظیمی کمیٹی پاکستان کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وفد اتوار کو ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد آئے گا۔ مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کی قیادت کے درمیان سیاسی تعاون کے حوالے سے بات ہو گی۔ ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں مرکزی راہنما مسلم لیگ (ن) کے وفد سے سیاسی امور پر بات چیت کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا وفد اتوار کو دوپہر 2 بجے ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز آئے گا۔مسلم لیگ (ن) کا وفد جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) سندھ کے صدر علامہ راشد سومرو کے گھر پہنچ گیا۔ ترجمان جے یو آئی سندھ کے مطابق ن لیگی وفد میں سردار ایاز صادق، سعد رفیق، بشیر میمن، کھیئل داس کوہستانی اور دیگر شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق دوران ملاقات میں ن لیگی وفد نے راشد سومرو سے برادر نسبتی کے انتقال پر تعزیت کی اور انہیں نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔ جے یو آئی ترجمان کے مطابق ن لیگی وفد نے سندھ میں گرینڈ الائنس کی تشکیل پر تفصیلی مشاورت کی۔اس موقع پر علامہ راشد سومرو نے ن لیگی وفد کو بتایا سندھ میں گرینڈ الائنس کے نتیجے میں بڑا سرپرائز دیں گے، سندھ کے عوام کو اب محرومیوں سے نکالنے کا وقت آچکا ہے۔
پیر پگاڑا سے ملاقات، لیگیوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے: مسلم لیگ ن
Nov 12, 2023