لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف سے 5 سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سردار منصب ڈوگر، فاروق رضا مانیکا اور جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی‘ آصف عباس اور میاں ماجد نواز نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارکباد پیش کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب کا احترام کرتے ہیں، الحمدللہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا۔ انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو انشاءاللہ عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔ پاکستان کی معاشی خود انحصاری اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی لازم و ملزوم ہیں، نوازشریف کا ہر دور تعمیر و ترقی اور عوامی خوش حالی کا دور رہا ہے۔ ن لیگ میں شمولیت کرنے والوں نے نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف سے پارٹی رہنماو¿ں نے بھی ملاقات کی، الیکشن کی تیاریوں اور حلقوں میں جاری انتخابی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنماو¿ں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا، انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کے تاریخی جذبے سے الیکشن میں جانا ہے۔ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی جیت معیشت کی بحالی کی ضمانت ہو گی، مسلم لیگ (ن) انتخابات میں جتنی زیادہ نشستیں جیتے گی، اتنی تیزی سے مہنگائی میں کمی لانا ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک میں امن و ترقی، مہنگائی میں کمی والا وہی دور چاہتے تھے جو نواز شریف چھوڑ کر گئے تھے۔
5 سابق ارکان اسمبلی مسلم لیگ ن میں شامل، عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہو گا: شہباز شریف
Nov 12, 2023