اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سول جج اسلام آباد مرید عباس کی عدالت میں زیر سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس میں وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔سماعت کے دوران چیئر مین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایاکہ بیرسٹر سلمان صفدر مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکے، پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہاکہ میں دلائل دینے کو تیار ہوں اگر وکیل صفائی کی موجودگی میں دلائل دینے ہیں تو تاریخ دے دیں، عدالت کے جج نے کہاکہ دلائل سلمان صفدر کی موجودگی میں ہی ہوں گے، جس دن چیئرمین پی ٹی آئی کا کیس ہوتا ہے اور کوئی کیس نہیں سن سکتا آج بھی فری بیٹھا ہوں،میں ہائیکورٹ کو مہنگا پڑھ رہا ہوں 13 ہزار دیہاڑی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے 4 کیسز ہیں پورا دن ضائع ہو جاتا ہے،2 دسمبر کی تاریخ رکھ لیتے ہیں،ہفتے کے روز سماعت رکھ لیتا ہوں ہفتے کو ہائیکورٹ سپریم کورٹ چھٹی ہوتی ہے،ہر ہفتے سماعت نہیں رکھ سکتا باقی کیسز بھی دیکھنے ہیں، خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ سائفر کیس میں ہر منگل سماعت ہوتی ہے اس کیس میں بھی منگل کا دن رکھ لیں،عدالت نے کیس کی سماعت 28 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
جج دھمکی کیس، وکیل صفائی کی عدم دستیابی ‘چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سماعت ملتوی
Nov 12, 2023