لاہور (نیوز رپورٹر) مرکزی مسلم لیگ آج کراچی،فیصل آباد، گوجرانولہ اور گجرات سمیت مختلف اضلاع میں اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف یکجہتی فلسطین مظاہرہ اور القدس خواتین مارچ کا انعقاد کرے گی۔جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد پروگرامات میں شرکت کریں گے جبکہ مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنما پروگرامات میں شرکاءسے خطاب بھی کریں گے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان محمد تابش قیوم کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کو خوفناک صورتحال کا سامنا ہے۔ فلسطین میں ظالم اسرائیل کی ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے بمباری جاری ہے۔ غزہ کے بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ ہسپتال، سکول ،مہاجر قافلے،ایمبولینس اور صحافی تک کوئی بھی محفوظ نہیں۔ دنیا میں امن کا سفیر کہلانے والے ممالک اسرائیل کے ظلم کی حمایت کررہے ہیں اور امت مسلمہ کے حکمران انجانے خوف کا شکار ہیں۔ روایتی بیانات اور مذمتیں کی جارہی ہیں۔ اقوام عالم کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کی ضرورت ہے۔ جس کے لیے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا سب سے بڑا یکجہتی فلسطین مظاہرہ کراچی میں شاہراہ قائدین پر ہوگا۔ جبکہ فیصل آباد میں جی ٹی ایس تاضلع کونسل ہال، گوجرانوالہ میں نادرہ آفس تا شیخوپورہ موڑ تک اور گجرات میں جی ٹی ایس چوک تا فوراہ چوک تک القدس خواتین مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔