اسرائیل نے ہسپتالوں کونشانہ بناکر دہشتگردی کی بدترین مثال قائم کی:مخدوم احمد

لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین نے اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے غزہ میں ہسپتالوں پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں الشفاء، العودہ، القدس اور انڈونیشین ہسپتال کو اسرائیلی فوجیوں نے نشانہ بناکر دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کی۔ ہسپتالوں میں زیرعلاج بچے اور بزرگ اسرائیلی درندگی اور بربریت کا شکار ہوگئے۔ عالمی برادری مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ پارٹی رہنماوں نے کہا کہ اسرائیل بچوں، بزرگوں اور عورتوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے تاکہ خوف پیدا کرکے غزہ سے وہ عوامی انخلاءکو ممکن بناسکے۔ غزہ میں ہر 10 منٹ میں اسرائیلی جارحیت کے ہاتھوں ایک بچہ شہید ہورہا ہے اور نیتن یاہو سیز فائر سے انکار کررہا ہے۔ ہمیں مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بربریت کی محض مذمتی قرارداد نہیں پیش کرنی چاہیے جبکہ اسرائیل کی مسلسل بربریت کو امریکہ کھلم کھلا سپورٹ کررہا ہے۔ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔پارٹی رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل جلد از جلد غزا پر بمباری بند کرے۔ قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی اور انبیاءکی سرزمین فلسطین پر سے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے حماس کے مجاہدین سرفروشی اور استقامت کی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن