تمام زبانوں کا ادب پاکستان کا مشترکہ اثاثہ ہے:ڈاکٹر تنویرقاسم 

 لاہور (کلچرل رپورٹر) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائر یکٹر ڈاکٹر تنویرقاسم نے کہا ہے کہ تمام زبانوں کا ادب پاکستان کا مشترکہ اثاثہ ہے۔یہ بات انہوں نے دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے زیر اہتمام پنجاب کے معروف ادیب اور ماہر تعلیم گیانی گوردت سنگھ کی ادبی خدمات اورپنجابی یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر اندر جیت کور سدھو کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں دیال سنگھ لائبریری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں بولی جانے والی تمام زبانیں ہماری شناخت ہیں۔ پنجابی کلچر و ادب صوفیا کرام کی شاعری کے بغیر نامکمل ہے۔ پنجابی ادب کو اردو اور دوسری عالمی زبانوں میں ترجمہ کے ذریعے پھیلانے کی ضرورت ہے اس سے ہمارے صوفیا کرام کا پیغام محبت دنیا کے سامنے آئیگا اور قومی یکجہتی میں بھی اضافہ ہو گا۔تقریب کے مہمانا ن میں سینئرصحافی دلاور چوہدری ، ڈاکٹر شائستہ نزہت، دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرزاق شاہد شامل تھے۔ تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے گوردت سنگھ کے صاحبزادے روپندر سنگھ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں گیانی گوردت سنگھ پر بلدیو سنگھ کی لکھی ہوئی کتاب کی رونمائی بھی شامل تھی۔ اس موقع پر نیشنل کالج آف آرٹس کی سابقہ پرنسپل پروفیسر ساجدہ حیدر ونڈل، معروف پنجابی ناول نگارپروفیسر عاشق راحیل کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیاجبکہ پنجابی زبان و ادب کی خدمت کے اعتراف کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر کلیان سنگھ کلیان، پروفیسر ڈاکٹر عباد نبیل شاد اور ستونت کور لیکچرر کنئرڈ کالج کو پنجابی سیوک ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ای پیپر دی نیشن