کپتان، کوچنگ سٹاف میں تبدیلی! ذکاءاشرف کی رواں ہفتے سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں

Nov 12, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 ءمیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے پاکستان کرکٹ بورڈ ہیڈکوارٹرز میں آئندہ ہفتے اہم مشاورت کا آغاز ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے۔خیال رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران بھی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتوں اور مشاورت میں اب تیزی آنے کا امکان ہے۔ ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک بار پھر بورڈ رابطہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ عمر گل، اظہر علی، سعید اجمل، مشتاق احمد، عاقب جاوید، محسن خان سے مشاورتی عمل ہوگا۔سابق کپتان معین خان سے بھی مشاورت ہوگی۔ شاہد آفریدی سے چیئرمین ذکاءاشرف دوسری مرتبہ ملیں گے۔چیئرمین کوچنگ سٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے، کوچنگ سٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ ریڈ بال اور وائٹ بال کےلئے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کوچنگ کےلئے جسٹن لینگر کا نام بھی لیا جانے لگا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدار آسٹریلیا کا دورہ سر پر ہونے کی وجہ سے تبدیلیاں نہ کرنے کا مشورہ دینے لگے۔

مزیدخبریں