نیویارک(این این آئی)ٹوئٹر اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہاہے کہ مشرق وسطی سے متعلق ہر چیز کے بارے میں کوئی آسان جواب نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویومیںانہوں نے مزید کہا میری قطعی رائے میں حماس کا مقصد اسرائیل کی طرف سے پرتشدد اور مبالغہ آمیز ردعمل کو ہوا دینا تھا کیونکہ انہیں (حماس کو)فوجی فتح حاصل کرنے کی امید نہیں تھی۔ ٹیسلا کے سی ای او نے مزید کہا کہ وہ حقیقت میں بدترین ممکنہ مظالم کا ارتکاب کرنا چاہتے تھے تاکہ ایک بڑے جارحانہ اسرائیلی ردعمل کو اکسایا جا سکے اور اسرائیل کے اس ردعمل کا فائدہ اٹھا کر دنیا بھر کے مسلمانوں کو غزہ اور فلسطین کے لیے نکالا جا سکے۔ وہ حقیقت میں کامیاب ہو گئے ہیں۔تاہم ان کا خیال تھا کہ اسرائیل کو ہر ممکن مہربانی کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا آنکھ کے بدلے آنکھ اور دانت کے بدلے دانت کے اصول پر عمل کرنے سے صورتحال مزید خراب ہو جائے گی۔