کراچی میں پاک چین بحری افواج کی مشق سی گارڈین شروع

Nov 12, 2023

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاک چین بحری افواج کے مابین دوطرفہ مشق سی گارڈین 2023 ءکا کراچی میں آغاز ہوگیا۔ مشق میں پاکستان اور چین کے جنگی بحری و ہوائی جہاز، آبدوز اور میرین فورسز حصہ لیں گیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چینی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل لیانگ یانگ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی بھی موجود تھے۔ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے بحری افواج کے مابین سٹریٹجک تعلقات کو سراہا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ کا کہنا تھا کہ مشق سے بحری افواج کی مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ چینی کمانڈر نے دوطرفہ مشق سے پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے اور مثبت نتائج حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گزشتہ روز چینی بحریہ کے جہازوں اور آبدوز کی پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ مشق کا مقصد بحرہند میں روایتی و غیر روایتی خطرات کے خلاف مربوط حکمت عملی اور بحری تعاون کا فروغ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مشق سی گارڈین 2023ءپاکستان اور چین کی بحری افواج کے مابین مضبوط دفاعی تعلقات کا مظہر ہیں۔

مزیدخبریں