کوئٹہ (نیٹ نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی اور جمعیت اہلحدیث بلوچستان چیپٹر کے مابین سیاسی تعاون پر اتفاق ہوگیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی اور جمعیت اہلحدیث بلوچستان چیپٹر کی قیادت کے مابین اہم ملاقات ہوئی، بی اے پی کے وفد نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ملاقات کی، وفد میں سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور کاکڑ اور خالد لانگو بھی شریک تھے، ملاقات میں جمعیت اہلحدیث وفد میں شیخ الحدیث مولانا علی ابوتراب اور 30 ضلعی صدور بھی شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران اتفاق ہوا کہ جمعیت اہلحدیث بلوچستان چیپٹر بلوچستان عوامی پارٹی سے بھرپور تعاون کرے گی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا بلوچستان کی ترقی صرف اور صرف قلم اور کتاب سے وابستہ ہے، بلوچستان کی ترقی میں تمام سٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتیں شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہماری کوشش ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا دیرپا حل نکل آئے۔