اسلام نہیں‘ اسلام آباد کی جنگ‘ نعروں سے دھوکہ دینے والے سیاستدان قومی مجرم: پرویزخٹک

مردان (شہاب اکبر/ نامہ نگار) پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویزخٹک نے کہا ہے کہ قوم کو مختلف نعروں سے دھوکہ دینے والے سیاستدان قومی مجرم ہیں۔ مخالفین کے پاس قصے کہانیوں کے علاوہ کچھ نہیں۔ ملک شدید مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ عوام قومی مجرموں کو پہنچانیں۔ وہ شنکر میں شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے جس سے سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ 75 سال تک ملک کو لوٹنے والے دوبارہ دانت تیز کر رہے ہیں۔ ملک میں اسلام کی نہیں‘ اسلام آباد کی جنگ ہے۔ جس ملک کا صدر زرداری بنیں اس کا اللہ ہی حافظ ہو‘ نواز شریف تین بار وزیراعظم رہے‘ اب پھر پر تول رہے ہیں۔ 75 سال سے ایک ہی ٹولہ رنگ بدل بدل کر ملک کو نوچتا رہا۔ پاکستان کو لیڈروں نے تباہ کیا‘ وہ چاہتے تو آج امن قائم ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی سوچ سمجھ کر بنائی کیونکہ غریب عوام کو کبھی روٹی‘ کپڑا‘ مکان‘ کبھی اسلام اور کبھی پختونوں کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ مولویوں سے اپنے دور میں ایک مسجد تک تعمیر نہ ہوئی۔ میں نے بطور وزیراعلیٰ مساجد بنائیں اور بجلی بلوں سے نجات کیلئے سولر سسٹم لگائے۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین نے کہا کہ اپنے دور حکومت میںجو بھی کام کئے ہیں‘ کسی پر احسان نہیں کیا۔ یہ لوگوں کا حق تھا‘ ہم خدمت جاری رکھیں گے۔ کسی کی پروا نہیں‘ ارادہ اور نیت ٹھیک ہو تو اللہ ہمارا مددگار ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن