سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں، کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گرد گرفتار

Nov 12, 2023

لاہور (نامہ نگار) کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 179 خفیہ آپریشنز کیے۔ جن کے دوران 179 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتاردہشت گردوں میں محمد خالد، محمد مدنی، سلمان سعید، محمد ندیم اور اکمل شامل ہیں۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان اور لشکرجھنگوی سے ہے۔ ان مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری ساہیوال، پاکپتن، راولپنڈی اور بہالپور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 565 گرام، ہینڈ گرنیڈ، آئی ای ڈی بم 2, ڈیٹونیٹر 5, حفاظتی فیوز تار 13 فٹ، پرائما کارڈ 3.5 فٹ، کالعدم تنظیموں کے پمفلٹس، 5 سٹیکرز 36 اور 5520 روپے نقدی برآمد کئے گئے ہیں۔ دہشت گردوں نے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ دہشتگردانہ کارروائیوں میں اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف 5 ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کے لیے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں