راولپنڈی (جنرل رپورٹر)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری کی جانب سے گیس ہیٹر استعمال کرنے کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے، ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ گیس ہیٹر کی صفائی کا خیال رکھیں اور لیکج کا وقتا فوقتا معائنہ کرتے رہیں، کمرے میں ہوا کی آمد ورفت کا خصوصی انتظام موجود ہونا چاہیے اس کے لئے کھڑکی، دروازے یا روشن دان تھوڑا سا کھلا ہونا نہایت ضروری ہے،آگ پکڑنے والی اشیا کو ہیٹرسے کم از کم پانچ فٹ کے فاصلے پر رکھیں،کبھی بھی جلتے ہوئے ہیٹر کو کمرے میں اکیلا نہ چھوڑیں اور کمرے یا گھر سے باہر جاتے وقت ہیٹر کو اچھی طرح بند کریں۔بہتر ہے کہ گیس ہیٹر کا استعمال کم سے کم کیا جائے اور گرم کپڑوں کا استعمال کیا جائے اور سونے سے پہلے ہیٹر کو لازمی بند کریں۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر گیس لوڈ شیڈنگ ہورہی ہوتو اس کے اوقات پر خصوصی توجہ دیں تاکہ گیس جانے کے بعد اگر دوبار آگئی تو گیس کمروں میں بھر سکتی ہے۔ہیٹر سے کپڑوں کو سکھانے سے پرہیز کیا جائے۔