اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی سیکرٹری مواصلات شیر عالم محسوداور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطا ن علی خواجہ کے زیر صدارت موٹرویز اور ہائی ویز پر 100فیصد ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم کے نفاذ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت مواصلات، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلی حکام بھی شریک تھے۔وفاقی سیکرٹریز برائے صنعت و پیداوار، کامرس، فو ڈ اینڈ سیکیورٹی، میری ٹائم، ریلویز اور چاروں صوبوں کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پراوولوڈنگ پرقابو پانے کیلئے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 100فیصد ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم پر مکمل عمل درآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ سیکرٹری مواصلات شیر عالم محسود نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اعلی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایکسل لوڈ کنٹرول ایک قومی مسئلہ ہے جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
100فیصد ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے،شیر عالم محسود
Nov 12, 2023