ڈرامہ سریل ""کھبی میں کبھی تم""کی آخری قسط سنیماگھروں میں

ڈرامہ سیریل ’’ کبھی میں کبھی تم‘‘ کی آخری قسط گزشتہ دنوں نشر کی گئی ، ڈرامے کی آخری قسط کو سینما گھروں میں دکھایا گیا اور شائقین کی ایک بڑی تعداد ڈرامہ کی آخری قسط دیکھنے کیلئے سینما گھر پہنچی۔ کراچی کے مقامی سینما میں شائقین کے ساتھ ڈرامے کی کاسٹ بھی موجود تھی۔ فہد مصطفی نے جب ریڈ کارپٹ پر انٹری دی تو وہاں موجود ان کے مداحوں نے خوشی سے فہد مصطفی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ فہد کیساتھ توثیق حیدر ، جاوید شیخ ، اریج چوہدری بھی موجود تھے۔ ہانیہ عامر چونکہ ملک میں موجود نہیں تھیں اس لئے وہ آخری قسط کو سینما گھر میں نہیں دیکھ سکیں۔ ان کے علاوہ بشری انصاری بھی آخری قسط کے پریمئیر پر دکھائی نہ دیں۔ آخری قسط میں دکھایا گیا کہ فہد مصطفی اور ہانیہ عامر ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تمام گلے شکوے دور کر لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ عماد عرفانی جو کہ فراڈ کے کیس میں جیل بند تھے ان کو ان کے بھائی فہد مصطفی اور والد جاوید شیخ رہائی دلوا تو لیتے ہیں لیکن والد اپنے بیٹے کے ساتھ کوئی تعلق نہ رکھنے کا بھی اعلان کرتا ہے۔آخری قسط میں نعیمہ بٹ نہیں دکھائی گئیں ، اور نہ ہی وہ پریمئیر میں موجود تھیں۔ عماد عرفانی کو جیل میں تو انہوں نے ڈلوا دیا لیکن جب عماد کے والد اور بھائی نے ان کو جیل سے چھڑوا لیا تو پھر کیا ہوا؟َ نعیمہ بٹ نے کیا عماد عرفانی کو معاف کر دیا اور اپنے کیس کی پیروی نہیں کی؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب شائقین کو نہیں مل سکے۔ آخری قسط کے موقع پر موجود جاوید شیخ نے کہا کہ ڈرامہ سیریل کبھی میں کبھی تم ایک ایسا ڈرامہ ہے جس کو شائقین نے ایسی پذیرائی دی ہے جس کی مثال نہیں ملتی اور مجھے بہت خوشی ہے۔ اداکارہ نادیہ خان نے کہا کہ اس ڈرامے پر فلم بھی بننی چاہیے۔ یہ ایسا ڈرامہ ہے کہ جس میںکوئی بھی کمی ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر اور رائٹر چاہتے تو ڈرامے کو کھینچ سکتے تھے نہیں انہوں نے ایسا نہیں کیا۔اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ یہ بہت اچھا ڈرامہ ہے ہم سب کو ضرور دیکھنا چاہیے ، اس میں روایتی طور پر جو ساس بہو کے جھگڑے ہوتے ہیں وہ نہیں دکھائے گئے۔ ڈرامے میں فہد مصطفی کے باس کا کردار ادا کرنے والے عاطف حسنین نے کہا کہ میں نے پہلے بھی فہد مصطفی کے ساتھ کام کیا ہے لیکن وہ کمرشلز تھے جن میں ، میں نے ان کے ساتھ کام کیا۔ ہاں ڈرامہ پہلی بار کیا ہے، ڈرامے کے ڈائریکٹر کے ساتھ بھی میری اچھی سلام دعا تھی اور وہ میرا تھوڑا بہت کام دیکھ چکے تھے اس لئے انہوں نے مجھے کردار آفر کیا اور جب میں نے کردار سنا تو مجھے بہت اچھا لگا میں نے ہاں کر دی۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میرے کردار کو بہت سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فہد مصطفی سیٹ پر ہمیشہ شرارتیں کرتے ہیں ہنس کھیل کر وقت گزارتے ہیں۔اور میری خوش نصیبی ہے کہ پہلی ہی بار میں مجھے ایک اچھی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نا صرف پاکستان بلکہ انڈیا سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں اردو بولی جاتی ہے وہاں اس ڈرامے کو پسند کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت عرصے کے بعد کوئی ایسا ڈرامہ آیا ہے جس نے شائقین کو اس قدر متاثر کیا ہے۔ اداکار محب مرزا نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ کبھی میں کبھی تم کو شائقین کی جانب سے پذیرائی ملی ہے۔ اداکار علی رحمان خان نے کہا کہ میں نے ہانیہ عامر کے ساتھ کام کیا ہے وہ بہترین اداکارہ ہیں ، ان کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ ہی یادگار رہا ہے، اور فہد مصطفی کے ساتھ ان کی جوڑی بہت اچھی لگی ہے۔ دونوں نے کمال اداکاری کی ہے ان کو دیکھ کر یوں محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے اداکاری نہیں کررہے بلکہ حقیقی کردار ہیں۔اداکار و پرڈیوسر ہمایوں سعید نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ فہد مصطفی اور ان کی ٹیم کو کامیابی ملی ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کے ڈرامے بنتے رہنے چاہئیں۔ اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ میں نے تو کئی بار فہد مصطفی سے کہا ہے کہ آپ ٹی وی ڈراموں میں کام کریں لوگ آپ کو دیکھنا چاہتے ہیں، اور انہوں نے دیکھ ہی لیا ہے کہ کئی سال کے بعد وہ ٹی وی پر آئے اور چھا گئے ہیں۔ مہوش حیات نے مزید کہا کہ کبھی میں کبھی تم کے بعد بھی فہد مصطفی کو کام کرتے رہنا چاہیے۔ اداکار عماد عرفانی نے ایک انٹرویو میں اس ڈرامے میں کام کرنے کے حوالے سے بتایا کہ ڈرامے کے ڈائریکٹر نے دو سال تک میراانتظار کیا۔ عماد کا کہنا ہے کہ جب میرے پاس یہ کردار آیا تو میں بہت مصروف تھا فوری ہاں نہ کر سکا۔ یاد رہے کہ ڈرامے میں پہلی بار فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر بھی ایک ساتھ دکھائی دئیے ہیں، اس کی کہانی فرحت اشتیاق جبکہ ہدایات بدر محمود نے دیں۔
کبھی میں کبھی تم‘ کو اس کی کہانی اور کرداروں کی وجہ سے کافی سراہا گیا، اس کی مقبولیت نا صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھی گئی۔ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا جبکہ عماد عرفانی نے فہد مصطفیٰ کے لالچی بھائی کا روپ دھارا، جو دولت کی خاطر ہانیہ عامر سے شادی کرنے سے انکار کردیتے ہیں۔ جس کے بعد فہد مصطفیٰ ان سے شادی کرتے ہیں۔اس ڈرامے کی کہانی یہ بھی پیغام دیتی ہے کہ پیسے کی لالچ انسان کو کہیں کا نہیں چھوڑتی ، عماد عرفانی کو پیسے کی لالچ نہ صرف جیل میں پہنچا دیتی ہے بلکہ اپنے سگے رشتوں سے بھی دور کر دیتی ہے۔ دوسری طرف یہ بھی سیکھنے کو ملتا ہے کہ کبھی بھی والدہ کو اپنی اولاد میں اس لئے فرق نہیں کرنا چاہیے صرف اس لئے کہ کوئی کم کماتا ہے اور کوئی زیادہ۔ اس میں دکھایا گیا کہ بشری انصاری اپنے دونوں بیٹوں میں فرق رکھتی ہے اور اس بیٹے کو زیادہ اہمیت دیتی ہے جو زیادہ پیسے کماتا ہے اور اس بیٹے کو کچھ نہیں سمجھتی جو کم کماتا ہے یا کماتا ہی نہیںہے۔ یہ فرق یہیں نہیں رکتا بلکہ جب ان دونوں بیٹوں کی شادیاں ہوجاتی ہیں اور گھر میں بہوئیں آجاتی ہیں تو وہ بہوؤں میں بھی فرق رکھتی ہے۔ پیسے والے بیٹے کی بیوی کو زیادہ اہمیت دیتی ہے اور اہم بات یہ ہے کہ بیٹا جس لڑکی سے شادی کرتا ہے وہ بہت زیادہ امیر ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر ڈرامہ سیریل کبھی میں کبھی تم نے شائقین کی بے حد داد سمیٹی ہے۔ اور اس سال کا یہ سب سے مقبول ترین ڈرامہ بن گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن