آرمی چیف سے آسٹریلوی ہم منصب کی ملاقات ، دفاعی تعاون بڑھانے پرا تفاق

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے آسٹریلوی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹورٹ نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آسٹریلوی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹورٹ نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ جی ایچ کیو آمد پر آسٹریلوی آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آسٹریلوی آرمی چیف کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی بھی دی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی بالخصوص عالمی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امن واستحکام کے مشترکہ اہداف کیلئے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علاقائی وعالمی امن ، دفاع اور سلامتی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دوسری جانب آسٹریلوی لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹورٹ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جنرل سائمن سٹورٹ نے دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر آسٹریلوی آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن