اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ اور پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف (سی جی ایس) لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر کے درمیان ملاقات گزشتہ روز پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹر، بیجنگ میں ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کمانڈرز کے درمیان عالمی اور علاقائی صورتحال کو تبدیل کرنے اور دوطرفہ فوجی تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل محمد اویس دستگیر نے کراچی میں حالیہ دہشت گردانہ حملے میں چینی سفارتی عملے کے جانی نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان میں چینی شہریوں کی بہتر حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی تصدیق کی۔ پی ایل اے کمانڈر نے چینیوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے پاک فوج کی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کو دل سے حمایت کا یقین دلایا۔ دونوں اطراف نے خطے کے امن اور ترقی کے خلاف کام کرنے والے مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دفاعی تعاون کے دیگر شعبوں پر بھی غور کیا گیا اور دونوں فریقین نے فوجی تعلیم، تربیت، آلات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں فریقوں نے تجربات کے باہمی اشتراک اور باقاعدہ بات چیت کو بڑھانے کے لیے میکانزم کو مزید ادارہ جاتی بنانے پر اتفاق کیا۔
چیف آف جنرل سٹاف کی چینی کمانڈر سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق
Nov 12, 2024