مقبوضہ کشمیر : 5بے گناہ نوجواں کیخلاف مقدمہ کالے قوانین کا اندھا دھند استعمال روکا جائے محبوبہ مفتی 

Nov 12, 2024

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے  پانچ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں ۔ جموں میں  بھارت مخالف احتجاج کے دوران گرفتار ادراد کے خلاف  پبلک سیفٹی ایکٹ( پی ایس اے )اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یواے پی اے) کے تحت مقدمات درج کردیے گئے ان افراد نے  بھارت کے نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن کی طرف سے مقامی آبی وسائل کے استحصال کے خلاف احتجاج میں شرکت کی تھی۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی  ( پی ڈی پی )کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ  جموں وکشمیر میں پرامن اختلاف رائے کو دبانے کے لئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جارہا ہے  انہوں نے کہاکہ تازہ ترین واقعات حیران کن ہیں کیونکہ لوگوں کو نو منتخب حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔ انہوں نے نئی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرے تاکہ جائز خدشات کا اظہار کرنے والے شہریوں کے خلاف کالے قوانین کے اندھا دھند استعمال کو روکا جا سکے۔جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے تنظیم کے سربراہ شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں کی طویل اور غیر قانونی  قید  پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی جیلوں میںبندتمام کشمیریوں کی رہائی کے لیے عالمی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نامساعد موسم ، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور اپنے گھروں سے دور بھارتی جیلوں میںبندسینکڑوں کشمیریوں کو درپیش سنگین صورتحال کو اجاگرکیا۔  مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی ہے ۔ بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے سرینگر کے علاقے شیو پورہ میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔بھارتی حکام نے بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکار کا تعلق بھارت کی ریاست تری پورہ سے تھا۔

مزیدخبریں