کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز میں ہی زبردست کاروباری سرگرمیاں دیکھی گئیں اور کے ایس ای100 انڈیکس نے گزشتہ روز بھی نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان برقرار ہے اور 100 انڈیکس نے پہلی بار انٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران 94 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی۔ پیر کو ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک موقع پر 729پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ94020 پوائنٹس تک پہنچا لیکن کاروبار کے اختتام تک انڈیکس93000کی سطح پر آگیا۔ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت کم ہوگئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں1300 روپے کی کمی سے فی تولہ سونا2 لاکھ77ہزار 500 روپے کا ہو گیا۔ انٹر بنک میں ڈالر10 پیسے گھٹ کر 277.85روپے رہا۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 3پیسے بڑھ کر 278.77روپے ہو گیا۔