اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی 18 نومبر سے شروع کی جائے گی۔ وفاقی وزیربرائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ رواں سال حج کوٹہ ایک لاکھ 89 ہزار ہے۔ سرکاری حاجیوں کی تعداد 89 ہزار 500 ہوگی۔ سعودی عرب نے کہا ہے 2 ہزار بندہ ایک گروپ میں ہو۔ حج درخواستوں کی وصولی 18 نومبر سے شروع کی جائے گی۔ دسمبر کی 3 تاریخ تک حج درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ حج کے لیے قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہوگی۔ وزیرمذہبی امور نے مزید کہا رواں سال اس سال حج اخراجات قسطوں میں جمع کرانے کا آپشن دیا گیا ہے۔ اس سال 12سال سے کم عمر بچے حج پر نہیں جاسکیں گے۔ اگر کوئی حاجی دوران حج فوت ہوجاتا ہے تو اس کے لواحقین کو 20لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ کوشش ہے حج آپریشن کو مزید بہتر کیا جائے۔ ہر چیز کی قیمتیں بڑھی ہیں لیکن حج کے اخراجات کو نہیں بڑھایا گیا ہے۔ اوورسیز حاجیوں کے کوٹے میں سے اگر سیٹیں بچ گئیں تو وہ کوٹہ سرکاری حاجیوں کو دے دیا جائے گا۔ ڈالر کے حوالے سے سٹیٹ بینک سے بات ہوگئی ہے۔ عمرہ ویزا پر جا کر بھیک مانگنے والوں کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ عمرہ پر جا کر بھیک مانگنے والوں کو بھیجنے والوں کی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چودھری سالک نے بتایا سرکاری حج سکیم کے اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہیں۔ پہلی قسط واپس لینے کی صورت میں 50 ہزار روپے اور تیسری قسط جمع نہ کرانے پر 2 لاکھ روپے کٹوتی ہو گی۔ 10 فروری کے بعد کوئی رقم واپس نہیں ہو گی۔
حج اخراجات 10.75سے 11.75لاکھ کے درمیان متوقع ، وصولی قسطوں میں کرینگے : وزیرمذہبی امور
Nov 12, 2024