اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی جانب سے خیرسگالی پیغام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں مناسب تاریخ پر چین کا دورہ کروں گا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین کی قیادت اور عوام کی جانب سے صحتیابی کے پیغامات سے متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، آہنی بندھن کو مزید تقویت ملے گی۔ چینی صدر نے 3 نومبر کے خط میں صدر زرداری کے زخمی ہونے پر اظہار تشویش کیا تھا۔ چینی صدر نے آصف علی زرداری کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ شی جن پنگ نے خط میں صدر زرداری کو دورہ چین کی گرمجوشی سے دعوت دی تھی۔ واضح رہے کہ 30 اکتوبر کو صدر پاکستان آصف علی زرداری دبئی ایئرپورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے تھے اور جہاز سے اترتے ہوئے ان کے پاؤں میں فریکچر ہوگیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد ان کے پاؤں پر پلاسٹر کردیا تھا۔ صدر مملکت آصف زرداری کا 4 سے 7 نومبر تک چین کا دورہ طے تھا۔ دورے کے دوران انہیں چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کرنی تھی۔ صدر زرداری کو 5 نومبر کو شنگھائی عالمی نمائش میں بھی شرکت ہونا تھا۔ تاہم وہ چین کے دورے پر نہیں جاسکے تھے۔