اسرائیلی جنگ کے باعث غزہ میں پہنچنے والی غذائی امدادناکافی ہے،عالمی ادارہ

Nov 12, 2024

اقوام متحدہ(این این آئی )فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) نے خبردار کیا ہے کہ شمالی غزہ میں ممکنہ قحط کی تباہ کن صورتحال کو روکنے اور اس کے خاتمے کے لئے چند دنوں کے اندر اقدامات کئے جائیں ۔ غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق یو این آر ڈبلیو اے نے گزشتہ روز ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پرامداد کی فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ فراہمی اور جنگ بندی کی اب پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ یہ انتباہ یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی کے اس بیان کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں کہا تھا کہ شمالی غزہ میں قحط کا خطرہ ہے جو انسانوں کا پیدا کردہ ہو گا۔انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ اسرائیلی افواج غزہ میں فلسطینیوں کو مارنے کے لئے بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ میں اوسطا 30 ٹرک روزانہ امداد کی اجازت دی جا رہی ہے جو فلسطینیوں کے زندہ رہنے کے لیے ناکافی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ غزہ میں پہنچنے والی امداد شمالی غزہ کے صرف چھ فیصد لوگوں کے روزمرہ کے ضروری راشن کو پورا کرسکتی ہے۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے)نے اندازے کے مطابق 75 ہزار سے 95 ہزار کے درمیان لوگ اب بھی شمالی غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں اسرائیلی حملوں میں مارے جانے یا بھوک سے مرنے کے د ہرے خطرات کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں