پاکستانی کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی تک رسائی دی جائیگی،امریکی سفیر 

Nov 12, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ فصلوں سے بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے پاکستانی کسانوں کو عصر جدید کی زرعی ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں امریکی معاونت سے شروع ہونے والے پانچ سالہ پروگرام "کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر ایکٹیوٹی" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستانی کسانوں کی بہتری کے لئے کسان تنظیموں، مقامی کاروباری اداروں اور تحقیقی اداروں کے اشتراک سے کاشتکاری کے جدید طریقوں اور ٹیکنالوجی کے علاوہ نت نئے ڈیجیٹل ذرائع کو فروغ دیا جائے گا۔ ان اقدامات سے ماحول کے تحفظ کے علاوہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہو گا جس سے کسانوں کی آمدن بڑھے گی۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی اور جدید مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ پانی کا مثر استعمال یقینی بنانے کے لئے خودکار آبپاشی نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ ہم کاشتکاروں کو یہ معاونت بھی فراہم کریں گے کہ وہ اپنی اجناس منڈیوں تک پہنچائیں اور زیادہ منافع کمانے کے قابل ہوں۔ اس سلسلہ میں کسانوں کو مالی سہولیات سے منسلک کیا جائے گا تا کہ ان کو بہتر بیج، اوزار اور مشینری خریدنے میں مدد مل سکے۔

مزیدخبریں