اسرئیل وکے حشیانہ حملے جاری ، غزہ ، فلسطینی ، لبنان میں 23افراد شہید 

Nov 12, 2024

تل ابیب، غزہ (این این آئی)اسرائیل فورسز کے غزہ میں دو روز کے دوران حملوں میں 85 فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ، لبنان اور شام میں حملے کیے جہاں غزہ کے جبالیہ کیمپ پر پیر کے روز کیے جانے والے حملے میں 36 فلسطینی شہید ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جہاں اتوار کو 49 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ دو روز کے دوران اب تک اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 85 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔دوسری جانب صیہونی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے شمالی حصے کو نشانہ بنایا جہاں المات گائوں پر حملے میں 23 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔لبنان کی وزارت صحت کا کہنا تھاکہ اسرائیل حملوں کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر 35 سے زائد شہری شہید ہورہے ہیں۔اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے شام کے دارالحکومت دمشق کے نزدیک حزب اللہ کے ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اسرائیلی بمباری دمشق کے جنوب میں واقع حزب اللہ کے مضبوط حمایتی مرکز میں کی گئی ہے۔شام میں جنگ کی مانیٹرنگ سے متعلق ایک ادارے کے مطابق اسرائیل کا فضائی حملہ سیدہ زینب کے علاقے میں ہوا۔ جہاں اسرائیلی بمبار طیاروں نے حزب اللہ کے زیر کنٹرول عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ بمباری دو رہائشی علاقوں میں کی گئی جہاں حزب اللہ کے ارکان رہتے ہیں۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی اسرائیلی بمباری کو ایک رہائشی عمارت پر قرار دیا ہے۔ یہ رہائشی عمارت سیدہ زینب کے علاقے میں ہے۔ تاہم شامی میڈیانے ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کی کوئی تعداد ذکر نہیں کی ۔

مزیدخبریں