اسلام ا باد (نمائندہ خصوصی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوئیٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکہ کے حوالہ سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، گورنر خیبرپختونخوا نے اس مشکل وقت میں بلوچستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبائی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سب کو متحد رہنے کی ضرورت ہے اور خیبرپختونخوا، بلوچستان کے ساتھ مکمل تعاون اور حمایت کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے شہریوں ، سیکورٹی فورسز کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے یکجہتی اور تعاون کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دہشت گردی کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔