مظفر آباد (نیٹ نیوز) آزاد کشمیر کے علاقے شاردا اور بالائی نیلم آبادی کے قریب تک پہاڑوں نے سفید پوشاک پہن لی جبکہ وادی کاغان میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بٹہ کنڈی، جلکھکڈ، جھیل سیف الملوک پر چھ انچ تک جبکہ بابو سر ٹاپ پر ایک فٹ تک برفباری ہوئی۔ کوٹلی شہر سمیت نواحی علاقوں میں تیز بارش و ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ نکیال، تتہ پانی، کھوئی رٹہ میں تیز بارش سے گوئی میں برساتی پانی دکانوں میں داخل ہو گیا۔ راج محل گوئی کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، بالاکوٹ و گردونواح میں بارش۔ ہری پور شہر سمیت مختلف علاقوں میں شدید طوفانی بارش کے ساتھ اولے برس پڑے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز گلگت بلتستان، بالائی خیبر پی کے اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالاپہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ خیبر پی کے کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے اور شدید دْھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔