لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی عدالتیں ٹرمپ کے زیر اثر نہیں، میں بار بار کہتا ہوں کہ جھوٹ کی بنیاد پر تعمیر عمارت مسمار ضرور ہوتی ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ بڑا اچھا ثابت ہوا۔ اسمبلی کی کارکردگی کو زیادہ موثر بنانے کی بات کی گئی، اس دورے کے مقاصد حاصل کیے گئے۔ جنوری یا فروری میں سی پی اے کی کانفرنس کرائی جائے گی جس میں اسمبلیوں کی کارکردگی سمیت دیگر امور پر بات ہو گی۔ کانفرنس میں ایشیا سمیت دیگر ممالک بھی شریک ہوں گے۔ میں دو سال سے یہ بات سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ غلامی اور آزادی کی بحث کیا تھی، آپ کو جھوٹے نعرے سے وقتی شہرت ملتی ہے لیکن وہ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتی۔ ایک شخص فوج کے کندھے پر چڑھ کر سب کے سامنے آیا، یہ پوزیشن چند مہینوں اور کچھ سالوں کے لیے ہو سکتی ہے لیکن مستقل نہیں۔ اب اسٹیبلشمنٹ کو حکومت چلا رہی ہے۔ سموگ ایک دن میں ختم نہیں ہو گی، اس کے لیے احتیاطی تدابیر اپنا کر کچھ وقت لگے گا۔