گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پرامن مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے گرودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کیا۔ ساڑھے 4کروڑ کی لاگت سے گورودوارہ روہڑی صاحب کے کنزرویشن منصوبے کا افتتاح کیا۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، سی پی او ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی موجود تھے۔ مختلف ممالک سے آئے 440سکھ یاتریوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بابا گورو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے یاتریوں کی آمد جاری ہے، رواں سال جنم دن کی تقریبات میں 60 سے 70 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے اور اس سلسلے میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری 20 نومبر کو گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد بھی آئیں گے۔