مظلوم فلسطینی بھائیوں کو اسرائیلی جبر سے بچانا اہم ذمہ داری: زبیر ظہیر 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ فلسطین آزاد کرانا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اس مقصد عظیم کے لئے ہر مسلمان کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ مظلوم فلسطینی بھائیوں کو اسرائیلی ظلم و جبر سے بچانا اور ان کی سر زمین پر بسانا ملت اسلامیہ کی سب سے اہم ذمہ داری ہے۔ اگر ہم جہاد فلسطین سے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے رہے تو کل قیامت کے دن اللّٰہ کی مغفرت اور کملی والے آقا کی شفاعت سے محروم ہو جائیں گے۔ وہ  گزشتہ رورز مرکز توحید و سنت گرین ٹائون میں آزادی فلسطین کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔  علامہ زبیر احمد ظہیر نے کوئٹہ میں بے گناہ اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مزمت کی۔ شہدائے کوئٹہ کی مغفرت اور زخمیوں کے لئے خصوصی دعا کے بعد  حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام درندوں کو فوری گرفتار کر کے سرِ عام تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ ہر طرح کی دہشتگردی، قتل و غارت، چوری اور ڈکیتی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لئے ملک میں فوری طور پر اسلامی سزائوں کو عملی طور پر نافذ کیا جائے۔  پاکستان کے عوام کے جان و مال کی حفاظت حکمرانوں اور تمام اداروں کی اصل ذمہ داری ہے مگر اس کے لئے ملک میں عدل و انصاف اور انسانی حقوق کی مکمل پاسداری اور غیر جانبداری انتہائی ضروری ہے جس کے لئے تمام محب وطن افراد اور اداروں کو پوری غیر جانب داری اور ایمان داری سے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن